حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تقریب میں جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ شعبۂ پاکستان کے شعبۂ تحقیق کے سربراہ ڈاکٹر کاظم سلیم اور شعبۂ تحقیق کراچی کے مسئول شیخ سکندر علی بہشتی نے شرکت کی اور طالبات میں اسناد و انعامات تقسیم کیے۔
اس موقع پر شیخ سکندر علی بہشتی نے مختصر عرصے میں طالبات کی جانب سے تحریر و تحقیق کے میدان میں دکھائی جانے والی دلچسپی اور سرگرمیوں کو سراہا اور انہیں اپنی علمی و تحقیقی کاوشیں مزید بہتر انداز میں جاری رکھنے کی تاکید کی۔
ڈاکٹر کاظم سلیم نے جامعۃ الزہراء سکردو کو پاکستان بھر کے لیے ایک مثالی دینی مرکز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں کی طالبات میں بھرپور علمی استعداد موجود ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ وہ اپنی تعلیم کا واضح ہدف متعین کریں اور مختلف علوم و فنون کے حصول پر خصوصی توجہ دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دینی مدارس میں تعلیم کا دورانیہ محدود ہوتا ہے، اس لیے طالبات کو چاہیے کہ وہ اپنی زندگی کے بلند مقاصد متعین کریں اور ابتدا ہی سے انہیں پیشِ نظر رکھتے ہوئے حصولِ علم کے سفر پر گامزن رہیں۔ تعلیم کے ساتھ زبان دانی، خود اعتمادی اور مسلسل محنت کو اپنا شعار بنائیں تو کامیابی کی راہیں ہموار ہو سکتی ہیں۔
جامعۃ الزہراء کی مسئولِ تحقیق خواہر شازیہ حیات نے مہمانانِ گرامی کا شکریہ ادا کیا اور تحقیقی میدان میں طالبات کی دلچسپی اور سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
تقریب کے اختتام پر حجۃ الاسلام شیخ رضا بہشتی اور ڈاکٹر کاظم سلیم نے طالبات میں اسناد اور انعامات تقسیم کیے۔










آپ کا تبصرہ